🌟 کہانی گھر میں خوش آمدید — پاکستان کا پہلا بچوں کا ڈیجیٹل اردو میگزین 📚 نئی کہانیاں ہر ہفتے شائع ہوتی ہیں ✍️ آپ بھی اپنی کہانی بھیجیں 🌟 کہانی گھر میں خوش آمدید
مشتری کی آنکھ
نرسری (۳-۵ سال)جماعت ۱ تا ۳جماعت ۴ تا ۶جماعت ۷ تا ۱۰

مشتری کی آنکھ

محمد عادل منہاج
محمد عادل منہاج
29 اکتوبر، 2026۴۴ مرتبہ پڑھی گئی

مشتری کی آنکھ سنیں

اچانک ہی بادل آ گئے اور ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔ پھر تیز ہوا چلنا شروع ہو گئی اور اس نے طوفان کی صورت اختیار کر لی۔ ہواؤں کے جھکڑ اتنے تیز تھے کہ لگتا تھا ہر چیز کو اڑا کر لے جائیں گے۔

اسکول میں بچے سہمے ہوئے بیٹھے تھے۔ استاد صاحب بھی پڑھاتے ہوئے رک گئے۔ کلاس روم کی کھڑکیوں کے شیشے زور زور سے بج رہے تھے۔

’’پتا نہیں، طوفان کب رکے گا!‘‘ ایک بچہ گھبرا کر بولا تو استاد صاحب چونکے۔ پھر وہ دھیمے سے گویا ہوئے، ’’فکر مت کرو، بچو! عام طوفان چند منٹوں یا گھنٹوں میں رک سکتے ہیں، جبکہ بعض سمندری طوفان کئی دنوں تک جاری رہتے ہیں۔ لیکن کیا تم لوگوں کو پتا ہے کہ ایک طوفان ایسا بھی ہے جو گزشتہ تین سو سال سے زیادہ عرصے سے مسلسل جاری ہے؟"

"وہ کون سا طوفان ہے؟‘‘ بچے حیرت سے ایک دوسرے کو دیکھنے لگے۔ پھر استاد صاحب نے بتانا شروع کیا۔

’’وہ طوفان زمین پر نہیں بلکہ نظامِ شمسی کے پانچویں اور سب سے بڑے سیارے مشتری پر برپا ہے، جو سورج سے تقریباً 77 کروڑ 80 لاکھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ مشتری کو سورج کے گرد ایک چکر مکمل کرنے میں تقریباً 11.86 زمینی سال لگتے ہیں۔

مشتری اتنا بڑا سیارہ ہے کہ اس کے حجم میں ہماری زمین جیسی تقریباً 1,300 زمینیں سما سکتی ہیں۔ اس کے گرد سو سے زیادہ چاند گردش کرتے ہیں۔

مشتری اپنے محور کے گرد ایک چکر صرف دس گھنٹے میں مکمل کر لیتا ہے، یعنی یہ بہت تیزی سے گھومتا ہے۔ یہ زمین کی طرح ٹھوس سطح والا سیارہ نہیں بلکہ زیادہ تر ہائیڈروجن اور ہیلیم گیسوں پر مشتمل ایک عظیم سیارہ ہے۔ اس کی فضا میں تیز ہوائیں چلتی ہیں اور بڑے بڑے طوفان جنم لیتے ہیں۔

اگر تم رات کو دوربین سے مشتری کو دیکھو تو اس پر ایک بڑا سا سرخی مائل دھبہ نظر آتا ہے۔ اسے مشتری کی آنکھ بھی کہتے ہیں۔ دراصل یہ ایک بہت بڑا طوفان ہے جو کم از کم تین سو سال سے زیادہ عرصے سے دیکھا جا رہا ہے۔

یہ طوفان اتنا بڑا ہے کہ اس کا حجم ہماری زمین سے بھی زیادہ ہے۔ اس کا قطر زمین کے قطر سے تقریباً دو گنا تک رہا ہے، اگرچہ وقت کے ساتھ اس کا حجم کم ہوا ہے۔ اس طوفان کے اندر ہوائیں انتہائی تیز رفتاری سے چلتی ہیں۔

اللہ کا شکر ہے کہ زمین پر مشتری جیسے خوفناک اور وسیع طوفان نہیں آتے۔ تاہم زمین پر بھی سمندری طوفان، آندھیاں اور دوسری قدرتی آفات تباہی پھیلا سکتی ہیں۔ ایسی آفات کے وقت ہمیں احتیاط کرنی چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے خیر و عافیت کی دعا بھی مانگنی چاہیے۔ وہی ہر چیز پر قادر ہے۔‘‘

استاد صاحب نے بات ختم کی تو باہر چلنے والا طوفان بھی آہستہ آہستہ تھم گیا۔ مگر مشتری کا عظیم سرخ طوفان نہ جانے کب ختم ہوگا!

محمد عادل منہاج

لکھاری

محمد عادل منہاج

جناب محمد عادل منہاج سینیئر ترین لکھاری ہیں ، بہت پڑھے لکھے اور مخلص ، ملنسار انسان ہیں ، ملک بھر کے بے شمار میگزین میں ان کی معیاری کہانیاں ، ناولٹ اور ناولز شائع ہو چکے ہیں۔ بچوں کے ہر دل عزیز لکھا…