نظامِ شمسی کا سب سے پہلا اور چھوٹا سیارہ عطارد اس لحاظ سے بہت بدقسمت ہے کہ اس کے گرد کی فضا انتہائی باریک ہے، اس لیے یہ دن میں بے انتہا گرم اور رات کو بے انتہا سرد ہو جاتا ہے۔ دن میں درجۂ حرارت تقریباً 430 ڈگری سینٹی گریڈ اور رات کو منفی 180 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو جاتا ہے، اس لیے یہاں زندگی کا وجود ممکن نہیں۔
عطارد سورج سے قریب ترین سیارہ ہے، جس کا سورج سے اوسط فاصلہ تقریباً پانچ کروڑ اسی لاکھ کلومیٹر ہے۔ اسے سورج کے گرد چکر لگانے میں صرف 88 زمینی دن لگتے ہیں، جبکہ اپنے محور کے گرد ایک چکر مکمل کرنے میں تقریباً 59 زمینی دن لگاتا ہے۔
اس کے علاوہ ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ عطارد پر سورج طلوع ہونے کے بعد تقریباً 88 زمینی دن تک آسمان پر دکھائی دیتا رہتا ہے، پھر غروب ہونے کے بعد تقریباً 88 زمینی دن تک رات رہتی ہے۔
عطارد کے مقابلے میں زمین اس لحاظ سے خوش قسمت ہے کہ اس کے گرد ایک حفاظتی اوزون کی تہہ موجود ہے، جو سورج کی خطرناک الٹرا وائلٹ شعاعوں کی ایک بڑی مقدار کو جذب کر لیتی ہے۔ اگر یہ حفاظتی تہہ نہ ہوتی تو زمین پر زندگی کے لیے حالات کہیں زیادہ خطرناک ہوتے۔
اسی طرح ہمارے والدین کا سایہ بھی ہمارے سروں پر اس حفاظتی تہہ کی طرح ہے کہ جب تک وہ زندہ ہوں، ہمیں زمانے کی سردی اور گرمی سے بچاتے ہیں۔ ان کی محبت، شفقت اور دعائیں ہمارے لیے ایک مضبوط سہارا ہوتی ہیں۔
اس لیے والدین کی قدر کریں، ان سے محبت کریں اور جب تک وہ ہمارے درمیان موجود ہیں، ان کی خدمت کریں۔

