کسی گاؤں میں ایک پیاری سی لڑکی لالی رہتی تھی ۔وہ بہت معصوم ،محبت کرنے والی اور سب کا خیال رکھنے والی تھی۔گاؤں کے سب لوگ لالی سے بہت پیار کرتے تھے ۔اُسے جانوروں اور پودوں سے بہت پیار تھا ۔اُس کے پاس مختلف رنگوں کے ، پھولوں کے پودے تھے۔اُن پودوں کا وہ بہت خیال رکھتی تھی۔ وہ اُن سے خوب باتیں کیا کرتی تھی۔لالی کی ایک دوست بھی تھی۔ اُس کا نام تانیہ تھا۔ تانیہ ایک چھوٹی ، پیاری سی بکری تھی۔تانیہ بکری میں لالی کی جان بستی تھی ۔
ایک دن ایسا ہوا کہ جب لالی صبح اُٹھی ۔ اُس نے تانیہ کو سوتے پایا تو وہ پریشان ہوگئی کیونکہ لالی جب بھی صبح اٹھتی تو تانیہ اُسے پورے صحن میں اُچھلتی ، کودتی پھرتی نظر آتی لیکن آج ایسا نہ تھا ۔لالی نے جب تانیہ کو چھوکر دیکھا تو وہ حیران رہ گئی۔ تانیہ کو بہت تیز بخار تھا ۔یہ دیکھ کر لالی بہت پریشان ہوئی اور اس نے تانیہ کے بخار کو کم کرنے کے لئے مختلف ٹوٹکے آزمائے لیکن بےسود ۔تانیہ نے کھانا پینا چھوڑ دیا تھا۔ وہ بہت کمزور ہو گئی ۔
تیسرے دن تانیہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے لالی کو چھوڑ کر اللہ کے پاس چلی گئی ۔اُس کے جانے کا لالی کو بہت دُکھ ہوا ۔ اتنا دُکھ کہ اُس نے کھانا پینا چھوڑ دیا ۔وہ تانیہ کی جدائی پر روتی رہتی تھی۔ اُس کے گھر والے بھی بہت پریشان تھے۔ وہ کوشش کرنے کر رہے تھے کہ کسی طرح تانیہ جیسی کوئی بکری اُن کے گھر میں آجائے تو لالی کی طبیعت سنبھل جائے۔ آخر ایک دن وہ تانیہ جیسی چھوٹی سی بکری تلاش کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ وہ بالکل تانیہ جیسی دِکھتی تھی۔لالی دوسری تانیہ کو دیکھ کر خوش ہوگئی۔ اُس نے اللّٰہ پاک کا بہت شکر ادا کیا۔ ایک دن جب وہ دوسری تانیہ کے ساتھ گھر کے صحن میں کھیل رہی تو ایک طرف بیٹھے اُس کی امی اور ابو اُسے دیکھ کر خوش ہو رہے تھے۔ وہ سوچ رہے تھے کہ جانوروں سے محبت کرنا کس قدر اچھا عمل ہے ، اِس سے اللہ پاک بہت خوش ہوتے ہیں۔
