🌟 کہانی گھر میں خوش آمدید — پاکستان کا پہلا بچوں کا ڈیجیٹل اردو میگزین 📚 نئی کہانیاں ہر ہفتے شائع ہوتی ہیں ✍️ آپ بھی اپنی کہانی بھیجیں 🌟 کہانی گھر میں خوش آمدید
ننھا بھالو ہنسنے لگا
جماعت ۱ تا ۳

ننھا بھالو ہنسنے لگا

سائرہ رشید
9 جولائی، 2026۷۰ مرتبہ پڑھی گئی

ننھا بھالو ہنسنے لگا سنیں

کسی جنگل میں ایک ننھا بھالو رہتا تھا۔ وہ اپنی امی،ابو کا لاڈلا تھا ۔ ایک دن وہ اسکول پڑھنے جا رہا تھا ۔ اس کی کمر پر اسکول بیگ لٹک رہا تھا۔ ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی۔ وہ سردیوں کاموسم تھا۔ اُس نے گرم کوٹ پہن رکھا تھا۔ وہ جس راستے سے اسکول جایا کرتاتھا ، اس کے دائیں بائیں چھوٹے چھوٹے پھولوں کے پودے تھے۔ اُن پودوں پر رنگ برنگے پھول کھلے ہوتے تھے۔ اُس راستے میں اسکول سے ذرا پہلے ایک چھوٹا سا ٹیلا تھا۔ اُس پر ہمیشہ ہری ہری گھاس نظر آتی تھی۔ ننھا بھالو جب اُس ٹیلے کے قریب سے گزرنے لگا تو اُس نے دیکھا کہ اُس کا خرگوش دوست ٹیلے کے اُوپر کھڑا تھا۔ ننھا بھالو اُسے وہاں دیکھ کر رُک گیا اور حیرت سے پوچھنے لگا:

"دوست! تم یہاں کیوں ہو؟ کیا آج تمھیں اسکول نہیں جانا ہے۔"

ّّدوست! آج میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے ، تم میری حاضری لگوا دینا۔" خرگوش نے کہا تو ننھے بھالو نے بُرا سا منہ بنایا اور کہا :

" تم کتنے سفید ہو ! لیکن تمھاری نیت کتنی سیاہ ہے ، اچھے بھلے دِکھائی دے رہے ہو ، چھٹی نہ کرو ، آؤ اسکول چلتے ہیں ، تمھارے گلے میں تو بیگ بھی ہے۔"

" میں نے کہا نہ کہ میری حاضری لگوا دینا۔" خرگوش نے تیز لہجے میں کہا تو ننھا بھالو خاموشی سے وہاں سے آگے بڑھ گیا۔ اُسے جھوٹے جانوروں سے نفرت تھی ، اللہ پاک نے جھوٹ بولنے سے منع کیا ہے اور یہ کتنا خراب ہے ! مجھ سے جھوٹ بول رہا ہے ، میں اس کی حاضری نہیں لگوا ؤ ں گا۔ بلا وجہ اسکول سے چھٹی کرنا چاہتا ہے۔ ایسے ہی چھٹی کرنا ، اچھی بات تو نہیں ہے نا! وہ سوچ رہا تھا ، پھر اچانک اُسے اپنے پیچھے کسی کے دوڑنے کی آواز سنائی دی تو اُس نے پلٹ کر دیکھا۔ اس کا خرگوش دوست بھاگتا ہوا اُس کی طرف آرہا تھا۔

ّّ"یار! میں تمھارے ساتھ اسکول جاؤں گا۔" خرگوش کا سانس پھولا ہوا تھا۔ ننھے بھالو نے مسکراتے ہوئے اُس کے پیچھے دیکھا تو ہنسنے لگا:

ّّ"تم اُس سیاہ لومڑ سے ڈر کر اسکول جانے لگے ہو نا !"

ان کے پیچھے ایک سیاہ لومڑ دُور کھڑا اُن کی طرف دیکھ رہا تھا۔

"یار! مجھے اُس سے بہت ڈر لگتا ہے ، تم نے اُس کے بڑے بڑے دانت دیکھے ہیں نا ، وہ کس قدر تیز ہیں ، میں اُس کی خوراک نہیں بننا چاہتا ، چلو جلدی کرو ، آج ہاتھی سر نے ریاضی کا ٹیسٹ بھی لینا ہے ، میری تیاری نہیں ہے ، تم میری مدد کرو گے نا؟" خرگوش نے جلدی جلدی کہا۔ وہ بے حد خوف زدہ دکھائی دے رہا تھا۔ اُس کی حالت دیکھ کر ننھا بھالو ساری بات سمجھ گیا۔ وہ زور زور سے ہنسنے لگا۔ خرگوش بھی ہنسنے لگا۔ پھر وہ دونوں تیزی سے اسکول کی طرف جانے لگے۔

لکھاری

سائرہ رشید

سائرہ رشید بی ایس کیمسٹری کی سٹوڈنٹ ہے ، انہیں بچوں کے لیے کہانیاں لکھنے کا شوق ہے ، اُن کی یہ پہلی کہانی ہے ، آیندہ بھی لکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔