🌟 کہانی گھر میں خوش آمدید — پاکستان کا پہلا بچوں کا ڈیجیٹل اردو میگزین 📚 نئی کہانیاں ہر ہفتے شائع ہوتی ہیں ✍️ آپ بھی اپنی کہانی بھیجیں 🌟 کہانی گھر میں خوش آمدید
مریم اور مٹھو
جماعت ۴ تا ۶

مریم اور مٹھو

مریم رشید
19 جون، 2026۳۹ مرتبہ پڑھی گئی

مریم اور مٹھو سنیں

مریم نے ایک بلا پالا تھا ۔ اُس کا نام مٹھو تھا۔ وہ اُس کا بہت خیال رکھتی تھی۔ مٹھو بھی ہر دَم اُس کے آس پاس گھومتا رہتا تھا۔ مریم اگر اُسے کہیں دکھائی نہ دیتی تو وہ بے چین ہوجاتا تھا۔ وہ اُسے تلاش کرنے لگتا تھا۔ مریم ہمیشہ اُسے سمجھاتی تھی کہ مٹھو باہر گلی میں نہ جایا کرو، باہر گندے اور بڑے کتے آوارہ پھرتے ہیں ، یہ نہ ہو کہ تم کبھی باہر جائو اور وہ تمھیں دبوچ لیں ۔ اگر تمھیں کچھ ہوگیا تو میں کیا کروں گی!اِس لیے چپ چاپ میری بات مانا کرو ، یوں ہم دونوں بہت خوش رہیں گے۔

مٹھو سارا دِن گھر بھر میں کھیلتا رہتا تھا۔ مریم نے اُسے کھیلنے کے لیے کچھ چیزیں لا کر دی تھیں ۔ ایک رنگین گیندتھی جسے وہ اپنے پائوں سے اِدھر اُدھر گھماتا رہتا تھا۔نیلے رنگ کا رِبن اُس کے گلے میں ہمیشہ ہوتا تھا۔ مٹھو ایک جنجر بلا تھا۔ سنہرے، گہرے سرخ رنگ کا جنجر گھر بھر کی آنکھوں کا تارا تھا۔

ایک دن جانے مٹھو کے جی میں کیا آئی۔ اُس نے مریم کی نصیحت کو ایک طرف رکھا اور باہر گلی میں نکل گیا۔اُس وقت مریم اپنے کمرے میں سکول کا کام کرنے میں مصروف تھی۔ نہ صرف اُسے بل کہ گھر میں کسی کو بھی مٹھو کی اِس حرکت کا پتہ نہ چلا۔ وہ دُوپہر کا وقت تھا ۔ گلی سنسان تھی۔ گھروں کے دروازے بند تھے ۔ مٹھو گھر سے نکل کر ساتھ والے گھر کے پاس گیا ہی تھا کہ اچانک گلی کی نکڑ سے ایک بڑے سے منھ والا بھورا کتا برآمد ہوااور مٹھو کی طرف لپکا۔ مٹھو نے اُسے اپنی طرف آتے دیکھا تو زور سے چیخا اور تیزی سے گھر میں داخل ہوگیا۔ وہ ہانپتا ، کانپتا اور بھاگتا ہوا راہداری سے گزر کر سیدھا مریم کے کمرے میں چلا گیا۔

مریم اُس کی حالت دیکھ کر گھبرا گئی ۔ وہ فوراً سمجھ گئی کہ مٹھو ضرور باہر سے آیا ہے۔ وہ اُٹھی اور بھاگ کر گلی میں گئی۔اُس نے دیکھا ۔ ایک موٹا تازہ، بڑے سے مُنھ والا کتا گلی کی نکڑ سے مڑ رہا تھا۔ وہ ساری بات سمجھ گئی ۔پھر وہ اندر آگئی ۔ مٹھو ابھی تک تھر تھر کانپ رہا تھا۔اُس کی دُم ہوا میں اُٹھی ہوئی تھی۔ مریم نے مسکراتے ہوئے کہا:

جو لوگ بڑوں کا کہا نہیں مانتے ، اُن کے ساتھ ہمیشہ بُرا ہی ہوتا ہے۔ میں نے تمھیں سمجھایا تھا لیکن ...اللہ کا شکر ادا کروکہ اُس نے تمھیں بچا لیا۔وعدہ کرو ، آیندہ تم کبھی بھی باہر گلی میں نہیں جائو گے۔ میں بھی تم سے وعدہ کرتی ہوں کہ میں تمھیں کبھی کبھی باہر گھمانے لے جایا کروں گی۔''

مریم کی بات سن کر مٹھو اُس کے قدموں سے چمٹ گیا، جیسے کہہ رہا ہو :

''میں وعدہ کرتا ہوں ، آیندہ آپ کی اجازت کے بغیر کہیں نہیں جائوں گا۔''

مریم اُس کی حرکت دیکھ کر ہنسنے لگی:

''اوہ! میرا پیارا ، بہت ہی اچھا مٹھو!''

لکھاری

مریم رشید