مونہہ بنائیں ٹنکو بھیا
اکڑ دکھائیں ٹنکو بھیا
اچھا برا کچھ نہ جانیں
بات اپنے دل کی مانیں
شرارت سے باز نہ آئیں
کچھ کہیں تو شور مچائیں
چڑھ آئے دن سوتے سوتے
جائیں سکول کو روتے روتے
کھیل کود میں وقت گزاریں
پڑھائی میں اکثر ہمت ہاریں
گھر میں اودھم مچائے رکھیں
ہر کسی کو ستائے رکھیں
کریں تنگ اپنی آپی کو
چھینیں رجسٹر اور کاپی کو
امی ابو کو کیا مجبور
چاہیے مجھے موبائل حضور
ہر ایک نے سمجھایا ان کو
پھر بھی سمجھ نہ آیا ان کو
ماموں لے کے جو موبائل آئے
ٹنکو بھیا خوشی سے پھولے نہ سمائے
چاہے دن ہو چاہے راتیں
چلتی رہے ان کی باتیں
کبھی گوگل کبھی چیٹ
چلتا ہی جائے انٹر نیٹ
چھت پہ پڑھائی کے بہانے
سنتے رہتے ڈسکو گانے
پڑھائی سے دل اُچاٹ ہوا
ذہن کا ستیاناس ہوا
خالی پیپر منہ چڑائیں
ٹنکو بھیا خوب پچھتائیں
بات بڑوں کی مانی ہوتی
یوں نہ اب پشیمانی ہوتی
ٹنکو بھیا نے دل میں ٹھانی
اب نہ کروں گا ایسی نادانی
کہہ گئے بات سیانے سچی
ہر کام میں میانہ روی اچھی

